ضلعی صدر یوتھ ونگ عبدالرحمان فری گرفتار‘ لیگی کارکن مشتعل‘ تھانے کے سامنے دھرنا
ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر عبدالرحمان فری کو پولیس نے گھر سے چھاپہ مارکر گرفتار کر لیا۔ 6 گھنٹے تھانہ نیو ملتان میں رکھنے کے بعد سخت سکیورٹی میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ کے باہر رات گئے لیگیوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور دھرنا دیدیا۔ اس دوران لیگی رہنماؤں نے عبدالرحمان فری کی فوری رہائی اورپولس کے چھاپے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ کارکنوں نے آج بھی ہڑتال و مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری نے تھانہ نیو ملتان کے علاقے میںچھاپہ مارکر عبدالرحمن فری کو انکے گھر سے گرفتار کر لیا۔ اطلاع ملنے پر مسلم لیگ ن کی خواتین رہنما بیگم سلطانہ شاہین‘ بیگم شاہین شفیق اورضلعی صدر بلال بٹ‘ عامر سعید انصاری‘ عامر منظور انصاری‘ حاجی رانا سجاد‘ شیخ طارق رشید‘ زاہد عدنان گڈو‘ آصف رفیق رجوانہ و دیگررہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔ لیگی کارکن شدید مشتعل ہو گئے۔ بعض کارکنوں نے تھانے پر پتھراؤ کی بھی کوشش کی تاہم لیگی رہنماؤں نے انہیں ایسا نہ کرنے دیا۔ لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر شاہ رکن عالم کالونی کی مین روڈ بلاک کر دی۔دریں اثناء عبدالرحمان فری کے والدین کا کہناہے پولیس کچھ بتائے بغیر عبدالرحمان فری کو ساتھ لے گئی۔ وجہ معلوم کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ پولیس نے دوپہر میں ہی گھرکو گھیرے میں لے لیا تھا۔ کسی کو بھی گلی میں آنے جانے کی اجازت نہیں تھی۔ گرفتاری کے بعد بھی پولس گھرکے باہر موجود رہی جبکہ خبر نگار خصوصی کے مطابق شاہ رکن عالم پولیس نے کرایہ نامے کا اندراج نہ ہونے پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے ضلعی صدر عبدالرحمان عرف فری کو گھر سے گرفتار کر کے اسے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔