میڈیا پر بھی کنٹرول‘ غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں‘ شاہد خاقان
کلر سیداں (نامہ نگار) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہنگران حکومت جواب دے اس نے سڑکیں کیوں بند کیں موٹروے اور جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اڑھائی گھنٹوں تک نہتے لوگوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کیوں کی موبائل فونز بند کئیے گئے نواز شریف کی کوریج پر پابندی لگائی گئی نگرانوں نے ایسا کیوں کیا؟ آج ملک میں میڈیا کو بھی کنٹرو ل کیا جا رہا ہے ایسا جمہوری ادوار میں نہیں دیکھا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گائوں آراضی میں چوہدری نعیم بنارس ،چوہدری اسامہ بنارس اور میرہ سنگال میں بلدیہ کے کونسلر راجہ خلیق احمد مرحوم کی رہائش گاہوں پر انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ارکان بلدیہ حاجی اخلاق حسین، جنید بھٹی، شیخ حسن ریاض، راجہ ظفر محمود، صوبیدار ظفر اقبال ، حاجی محمد اسحاق، محمد آصف منہاس، پرویز اختر منہاس اور دیگربھی موجود تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام نے25جولائی کو صرف ن لیگ کے امیدواروں کو ہی کامیاب نہیں بنانا بلکہ جنہوں نے نواز شریف کو دی جانے والی سزا اور نا انصافی کا جواب بھی دینا ہے یہ غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں جو شخص ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کرے ہم اسے عدالتوں میں گھسیٹتے ہیں سزائیں سناتے ہیں اور جیل میں بند کرتے ہیں یہ مہذب اقوام کا شیوا نہیں ۔جمہوری ملکوں میں اب ایسا نہیں ہوتا سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ عدالتوں میں نہیں ووٹ کی پرچی کے ذریعے کیا جاتا ہے ۔عدالتوں کے ذریعے سیاسی فیصلے کرنے والے ملک ترقی نہیں کر پاتے ۔چیئر مین بلدیہ کلر سیداں شیخ عبدالقدوس نے کہا کہ109پیشیا ں بھگتنے والے نے جیل جانے کے لیے لندن سے پاکستان پہنچ کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے قوم کل کی طرح آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ۔محمد ظریف راجا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نواز شریف کو دی جانے والی سزا کو نہیں مانتے یہ انتقامی عمل ہے عوام اسے پچیس جولائی کوووٹ کی پرچی کے ذریعے مسترد کریں گے۔