شاہد آفریدی کی سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت‘زخمیوں کی عیادت
لاہور+ کوئٹہ (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ بیورو رپورٹ) سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کوئٹہ پہنچ کر سراج رئیسانی کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام جان چکے ہیں اور مشترکہ دشمن دہشت گردی کے خلاف متحدہ بھی ہوچکے ہیں۔وہ ساراوان ہائوس پہنچے ،سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کے خاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔شاہد آفریدی نے بعد ازاں سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور اپنی فاونڈ یشن کی جانب سے ان کی مالی امداد بھی کی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے متاثر ین سے ملا میری فاونڈیشن اپنے بھائیوں کی اپنی استعداد کے مطا بق ہر ممکن مدد کریگی۔بعدازاں انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم باجوہ سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے مستونگ سول ہسپتال میں ادویات کی ناکافی سہولیات کے تدارک کیلئے پاک فوج کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم کیا۔