گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری قانون کے مطابق قرار، اسلام آباد ہائیکورٹ 22 سینیٹرز کی درخواست مستردکردی
اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری کے خلاف 22سنیٹرز کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تقرری قانون کے مطابق قرار دی ہے۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے 22سنیٹرز نے گورنرسٹیٹ بینک کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کی تھی جس پر منگل کوجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ سنایا۔عدالت نے درخواست گزاروں کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری کو عین قانون کے مطابق قرار دیا۔درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ گورنر سٹیٹ بینک کی تعیناتی میں مسابقتی عمل اختیار نہیں کیا گیا اس لیے انہیں عہدے سے فارغ کیا جائے۔یاد رہے کہ سابق چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو 7 جولائی 2017 کو 3 برس کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کا نیا گورنر تعینات کیا گیا تھا۔