عوام نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک میں زرعی، صنعتی اور سماجی انقلاب کی بانی ہے، 1990میں پہلی مرتبہ وزیراعظم بننے سے لے کر 2013تک جب بھی میاں نواز شریف اقتدار میں آئے انہوں نے موٹرویز کے جال بچھانے سے لے کر کسانوں کو بلا سود قرضے دینے تک ایسی پالیسیاں متعارف کروائیں جن سے پاکستان کے مسائل حل ہوئے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ اسی طرح پنجاب میں میاں شہباز شریف نے اپنی وزارت اعلیٰ کے تینوں ادوار کے دوران گڈگورننس کی وہ مثالیں قائم کی ہیں جن کا کوئی اور مقابلہ نہیں کر سکتا۔ پسرور شہر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت وعدوں کی پکی اور قول کی سچی ہے، لوڈ شیڈنگ سے لے کر اقتصادی راہداری تک ہر وعدہ پورا کیا لیکن عمران خان 5برسوں سے جھوٹ بول کر عوام کو ورغلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کسی نظریئے کا نام نہیں بلکہ ابن الوقت اْس ٹولے کی سرپرستی کرتی ہے جن کا مقصد صرف اور صرف کرسی کا حصول ہے۔ حمزہ شہباز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا ہر نوجوان میاں نواز شریف کے سیاسی ویژن اور میاں شہباز شریف کی عملی صلاحیتوں کا قائل ہے، انشاء اللہ مسلم لیگ ن دوبارہ اقتدار میں آکر رہی سہی کسر بھی نکال دے گی اور نوجوانوں کو بلا تفریق روزگار فراہم کرنے سے لے کر اْن کے معاشی مسائل حل کریں گے۔ پاکستان کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس وقت انتہائی اہم چیلنجز کا سامنا ہے جن میں آبی ذخائر ایک اہم مسئلہ ہے ،اسی طرح دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کیلئے مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے، حمزہ شہباز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ2013کے مقابلے میں زیادہ بھاری اکثریت کے ساتھ مسلم لیگ ن کو اپنے مینڈیٹ سے نوازیں تا کہ مستحکم حکومت پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل شیر کا ہے، گیدڑ بھبھکیاں دینے والے ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، میاں نواز شریف جیل میں ہوں یا باہر عوام ان کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے کوئی پراپیگنڈہ ان کا راستہ نہیں روک سکتا۔ اس موقع پر پسرور میں حمزہ شہباز کا شاندار استقبال کیا گیا، پارٹی کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے جبکہ قومی و صوبائی اسمبلی امیدواران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ ووٹ شیر کا ہے، نواز شریف کا ہے اور شہباز شریف کی کارکردگی کا ہے انشاء اللہ عوام 25جولائی کو پورے سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کو کلین سویپ کرائیں گے اور بلا یا تیر کہیں نظر نہیں آئے گا۔