قابل تجدید توانائی ملکی ضرورت کو پورا کرنے کا بڑا آپشن ہے،سیّد علی ظفر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و توانائی سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی فورم سے صاف اور گرین انرجی کی دستیاب استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان پاک جرمن قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر اور سیکرٹری پاور ڈویژن رضوان میمن نے بھی شرکت کی۔ سید علی ظفر نے کہا کہ یہ فورم قابل تجدید توانائی، توانائی کی صورتحال کو بہتر بنانے، صارفین تک رسائی بڑھانے اور پاکستان اور جرمنی میں تعاون کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل توانائی کے شعبہ میں ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صاف، سستی اور قابل تجدید توانائی کے وسائل سے استفادہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کا ایک بڑا آپشن ہے ۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اقدامات کو سراہا۔