پی ٹی آئی واحد سیاسی پارٹی ہے جس کے انتخابی منشور میں مسئلہ کشمیر کے حل کا ذکر موجود ہے ‘محفوظ النبی خان
کراچی (نیوز رپورٹر)پی ٹی آئی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے اپنے انتخابی منشور میں مسئلہ کشمیر کا صرف واضح طور پر ذکر کیا ہے بلکہ مسئلے سے منسلک اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی نمایاں کیا ہے۔ ان تاثرات کا اظہار ووٹ فار عمران خان پاپولر کیمپین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سیاسی تجزیہ نگار محفوظ النبی خان نے کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے منشور مسئلہ کشمیر کے ذکر سے یکسر خالی ہیں ۔ کراچی کو لاہور بنانے والوں کے دعوئوں کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کراچی کیلئے شہر قائد کا اعزا ز ہی کافی ہے اگر لاہور بنانا ہے تو پیرس کو لاہور بنائیں کراچی سالگرہ کا کیک نہیں ۔ محفوظ النبی خان نے کہاکہ عمران خان وہ پہلے قومی رہنما ء ہیں جنہوں نے خاص طور پر کراچی کی رونقوں کی بحالی کیلئے دس نکاتی پروگرام جاری کیا ہے ۔اجلاس سے محمد صدیق بلوچ ایڈووکیٹ ، انصب رضا فاطمی ،ابصار احمدو دیگر نے بھی خطاب کیا۔