تنخواہوں سے محروم فیکٹری ملازمین کا احتجاج‘ پولیس کا لاٹھی چارج
کراچی(کرائم رپورٹر) سائٹ میں سیمنز چورنگی کے نزدیک فیکٹری میں ملازمین کا انتظامیہ کے خلاف احتجاج ملازمین کے پتھرائو سے سائٹ اے تھانے کا انچارج زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ مقامی فیکٹری کے ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی سمیت اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کے لئے سڑکوں پرنکلے تھے۔ احتجاج کی وجہ سے سیمنز چورنگی کے نزدیک ٹریفک کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوئی اور جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین کی جانب سے پتھرائو کیا گیا جس کے نتیجے میں سائٹ اے تھانے کا انچارج سرپر پتھر لگنے سے زخمی ہوگیا۔ بعد میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا اس دوران بھگڈر سے بھی تین افراد زخمی ہوئے۔