شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے بعد اپنے شہروں کو روانہ ہو گئے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقدہ شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین عید الفطر کا چاند نظر آنے کے بعد اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہو گئے۔ کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ اور خیبر پی کے سے آئے ہوئے معتکفین مسافت زیادہ ہونے کے باعث آج عیدالفطر کی نماز سربراہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری کے ہمراہ جامع مسجد المنہاج ماڈل ٹائون میں ادا کریں گے۔ امسال شہر اعتکاف میں ملک کے طول و عرض سے 15ہزار سے زائد اسلامیان پاکستان نے اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کی، جن میں خواتین کی تعداد 4ہزار سے زائد تھی۔