ملک و قوم کی خاطر جان قربان کرنیوالے پولیس اہلکاروں پر فخر ہے: اسد سرفراز
لاہور(نامہ نگار)ایس پی سٹی اسد سرفراز خان نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرتے ہوئے جان جائے تو ورثاء کا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے اور ایک مرد مجاہد کی پہلی اور آخری تمنا بھی یہی ہوتی ہے کہ اپنے فرائضِ منصبی اداکرتے ہوئے اس ملک وقوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کر دے۔ یہ شہداء محکمہ پولیس کے سرکا تاج اور جُھومر ہیں جنہوں نے موت کے پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں کی جان ومال کی خاطر اپنا آج اور کل قربان کر کے شہادت کے رتبہ پر فائز ہو گئے۔تاریخ میں آج بھی ان کا نام سنہری حروف سے لکھا جا رہا ہے۔ ان شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایس آئی محمد یوسف شہید اور کانسٹیبل محمد آصف شہیدکی فیملیز میں عید الفطر کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے کیا۔