مقبوضہ کشمیر: پاکستانی پرچم پھر لہرا دیا گیا، ترنگا نذر آتش، بھارتی فورسز کا لاٹھی چارج، متعدد زخمی

18 جولائی 2015

اسلام آباد+ سرینگر (ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ا یک مرتبہ پھر پاکستان کا قومی پرچم لہرا دیا گیا اور مظاہرین نے پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی جس پر بھارتی فورسز نے اشتعال میں آ کر کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ جمعہ کو بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جونی سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ختم ہوئی تو اس دوران نوجوانو ں کے ایک گروپ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی پرچم لہرا دئیے اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جس پر بھارتی سیکیورٹی فورسز اشتعال میں آ گئیں اور انہوں نے مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال شروع کر دیا جبکہ مظاہرین نے جواب میں بھارتی فو رسز پر پتھرائو کیا۔ رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے نوہٹہ چوک سے خنباز چوک کی طرف مارچ سے قبل بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا۔ سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو چرار شریف میں نماز جمعہ کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب سے روکنے کیلئے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو بھی رواں برس 2مئی سے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر رکھا ہے جبکہ شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، ظفر اکبر بٹ اور محمد اشرف صحرائی بھی گزشتہ کئی روز سے اپنے گھروں میں نظر بند ہیں۔ ادھرمقبوضہ کشمیر کے کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کا مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا،کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ تفصیلات کے مطابق کیرن سیکٹر میں جھڑپوں کے بعد فوج کو خفیہ اطلاع ملی کہ مجاہدین کا ایک گروپ سرحد پار کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ جس پر فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے حریت قائدین کو عید کے موقع پر رہا نہ کرنے کے خلاف کشمیری عوام سے نماز عید کے بعد پرامن علامتی احتجاج کی اپیل کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کشمیری عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقعہ پر ہمیں ان ہزاروں جیالوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے جنہوں نے ملی اور قومی کاز کے لیے اپنی جوانیوں کو قربان کیا اور اپنے پیچھے بیوائوں اور یتیم بچوں کی صورت میں قوم پر ایک بھاری ذمہ داری ڈالی ہے۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کشمیر ی عوام کو عید الفطر کے مبارک موقعہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حقیقی حقیقی عید اسی روز ہوگی جب کشمیری عوام بھارتی نرغے سے آزاد ہوکر سربلندی اسلام سے سرفراز ہوگی۔ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے مزاحمتی تحریک کیخلاف کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جب تک تینوں فریقوں کے درمیان مذکرات نہیں ہو نگے کسی نتیجہ پر پہنچنا مشکل ہے، عوام انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ یاترا کے دوران اب تک مرنے والے افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔ ضلع گاندربل میں موسلادھار بارش کے باعث دو افراد ہلاک ہو گئے۔