بھارتی جارحیت، حکمران مودی کا موڈ دیکھنے کی بجائے ذمہ داریاں پوری کریں: شجاعت

18 جولائی 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے عید کے موقع پر سیالکوٹ سیکٹر میں ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر دلی رنج و غم اور غصہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع سمیت کسی بھی وزیر کا بلااشتعال فائرنگ کی مذمت نہ کرنا اور شہداء کے لواحقین کے پاس نہ جانا افسوسناک ہے حالانکہ وزیر دفاع سیالکوٹ کے حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے بارے میں قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر قربان کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بھارت ننگی جارحیت کرکے پاکستانی شہریوں کو شہید کررہا ہے اور حکمران اپنے عوام کے تحفظ کیلئے کچھ کرنے اور ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے مودی کا موڈ ہی دیکھ رہے ہیں۔ حکمران مودی کا موڈ دیکھنے کی بجائے ذمہ داریاں پوری کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی اور بھارت کا جاسوس طیارہ گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ (ق) لیگ شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے۔ انہوں نے (ق) لیگ سیالکوٹ کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عید شہداء کے خاندانوں کے ساتھ منائیں اور ان کے غم میں شریک ہوں۔دریں اثناء ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی وحدت، یکجہتی اور نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے قومی اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔