ملک بھر میں آج عید الفطر منائی جائیگی، خیبر پی کے کے بعض علاقوں میں منا لی گئی
لاہور+ اسلام آباد+کویت (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی+عبدالشکور ابی حسن سے) عیدالفطر کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر کے علاوہ آزاد کشمیر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائیگی‘ لاکھوں فرزندان اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں ادا کریں گے۔ ان اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم اُمہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی۔ کراچی میں قیام امن ملک کو درپیش دہشت گردی کے عفریت سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد‘ جامع مسجد داتا دربار‘ مسجد وزیر خان‘ جامع مسجد منصورہ‘ جامع مسجد القادسیہ چوبرجی‘ جامعہ اشرفیہ‘ مسجد شہدا‘ جامعہ رحمانیہ‘ جامعہ نعیمیہ‘ باغ جناح‘ جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ‘ ماڈل ٹاؤن‘ مینار پاکستان‘ اقبال پارک‘ ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہونگے جن میں خطیب و علماء حضرات عیدالفطر کی فضیلت اہمیت بیان کرینگے۔ ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کرنے والوں نے شوال کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم کر دیا۔ اعتکاف پر بیٹھنے والوں کو ان کے عزیز و اقارب نے پھولوں کے ہار پہنا کر اور مٹھائیاں کھلا کر ان کا استقبال کیا۔ اعتکاف پر بیٹھے لوگوں کو اٹھانے کے لئے آنے والے لوگوں کا بڑی تعداد میں رش دیکھنے میں آیا۔ سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لائنیں لگی رہی۔ معتکفین کاان کے عزیزو اقارب کی جانب سے استقبال کے دوران ایک خاص روحانی سماں بنا ہوا تھا۔ اعتکاف گزار اپنے اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے گلے ملتے رہے۔ لاہور کی بادشاہی مسجد، داتا دربار مسجد، مسجد وزیر خان مرکز القادسیہ اور تحریک منہاج القران کے شہر اعتکاف میں ہزاروں افراد نے اعتکاف کی سعادت حاصل کی۔ بادشاہی مسجد میں اعتکاف پر بیٹھنے والے معتکفین نے کہا کہ اعتکاف روحانی عبادت ہے جس میں ہم نے پاکیزگی، روحانی اور مختلف دین کی باتیں سیکھیں ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ جو چیزیں ہم نے ادھر سے سیکھیں ہیں ان کو اپنی عملی زندگی میں لائیں اور دوسروں کو بھی اس فیض یاب کریں۔ اس سے قبل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور آج عیدالفطر ہوگی۔ انکے مطابق بدین، سانگھڑ، قلعہ عبداللہ، ڈومکی، جیکب آباد اور دیگر علاقوں سے مستند شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم شوال آج ہوگی۔ مفتی منیب الرحمن نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان رات 8 بج کر 55 منٹ پر کیا۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر آج منائی جائیگی۔ شاہی امام جامع مسجد دہلی کے مطابق بھارت میں عیدالفطر آج ہے۔ حیدر آباد دکن، بہار، تامل ناڈو، مانی پور میں چاند نظر آگیا۔ بنگلہ دیشی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی آج عیدالفطر منائی جائیگی۔ دریں اثناء سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک‘ امریکہ اور یورپ میں جمعہ کو عیدالفطر انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع ہوا جہاں سعودی فرمانروا شاہ سلطان بن عبدالعزیز سمیت دنیا بھر سے مسلمانوں نے نماز عید ادا کی اور روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، مدینہ منورہ میں بھی نماز عید ادا کی گئی اور امت مسلمہ کی سلامتی و اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ جرمنی، فرانس، جاپان، افغانستان سمیت متعدد ممالک میں بھی عید منائی گئی۔ سعودی عرب، انڈونیشیا، ملائیشیا، اردن، عراق، بحرین اور کویت سمیت دیگر خلیجی ریاستوں سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں جمعہ کو عیدالفطر منائی گئی، جبکہ ترکی، آسٹریلیا، جاپان اور فلپائن میں بھی شوال کا چاند نظر آنے پر عیدالفطر منائی گئی۔ افغانستان میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ خیبر پی کے کے بعض علاقوں میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عید منائی گئی، سکیورٹی فورسز کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر مساجد اور عیدگاہوں کے باہر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کرک، کوہاٹ، ہنگو، چارسدہ، بنوں، مردان، نوشہرہ، خیبرایجنسی سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں عید الفطر جمعے کو منائی گئی جبکہ پشاور میں بھی بعض چھوٹی بڑی مساجد میں نماز عید جمعہ کو ادا کی گئی۔گزشتہ روز مسجد قاسم علی خان میں مقامی کمیٹی کی جانب سے عیدالفطر کے اعلان کے بعد مختلف علاقوں میں عید منائی گئی جبکہ بیشتر علاقوں میں روزہ رکھا گیا۔پاک افغان سرحد سے متصل بلوچستان کے شہر چمن میں بھی افغان مہاجر کیمپوں میں بھی عید منائی گئی، جنگل پیر علیزئی، سرخاب سمیت ضلع بھر میں نماز عید کے ایک سو سے زائد اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جبکہ لورالائی کی افغان بستیوں میں بھی عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی کے 11 مختلف مقامات پر نماز عید کے بڑے اجتماع ہوئے اور بوہری جماعت کا نماز عید کا بڑا اجتماع صدر کی طاہری مسجد میں ہوا۔ خیبر پی کے کے دارالحکومت پشاور کی مسجد قاسم علی خان نے جمعرات کی شب مختلف اضلاع میں 'شوال کا چاند نظر آنے پر' جمعہ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔کویت کی تاریخ میں پہلی بار مساجد اور عیدگاہوں کے پنڈال میں پولیس کی کڑی نگرانی میں عیدکی نماز ادا کی گئی۔ پنڈال میں داخلے کے وقت ایک ایک فرد کی تلاشی لی گئی۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا جو ہر آنے جانے والوں کی جامہ تلاشی لیتے رہے۔ کویت میں سب سے بڑا نماز عید اجتماع مسجد الکبیر میں ہوا جہاں امیر کویت سمیت ہزاروں افراد نے نما زعید ادا کی۔