عید پر سکیورٹی انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے، پولیس حکام عیدکے موقع پر اپنے علاقوں میںعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کریں اور مساجد، امام بارگاہوں اورعید کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے اوراس ضمن میں پولیس جذبے اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاپنگ سنٹرز، پلازوں اور مارکیٹوں میں اضافی فورس تعینات کی جائے اور مساجد، امام بارگاہوں اور عید کے اجتماعات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ عید کے موقع پر وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ پولیس حکام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں، عید پر سکیورٹی انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر پوری طرح چوکس رہیں اور آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ عید اجتماعات کی سکیورٹی کے انتظامات کو ہر صورت فول پروف ہونا چاہئے کیونکہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ اس وقت ملک نازک دور سے گزر رہا ہے لہذا موجودہ ہنگامی حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں اسلئے پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔