ریحام آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کیلئے 16گاڑیوں کے قافلے میں بنوں پہنچیں سکیورٹی پر 450 سے زائد پولیس اہلکار مامور

18 جولائی 2015
ریحام آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کیلئے 16گاڑیوں کے قافلے میں بنوں پہنچیں سکیورٹی پر 450 سے زائد پولیس اہلکار مامور

بنوں (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کیلئے بنوں پہنچ گئی ہیں، کارکنوں نے انکا پُرتپاک استقبال کیا۔ ریحام خان نے کارکنوں میں گھل مل گئیں، آئی ڈی پیز بچوں کو تحائف پیش کئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریحام خان بنوں سے سپورٹس کمپلیکس کیلئے 16 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پہنچیں جہاں کارکنوں نے انکا استقبال کیا۔ بچوں نے پھول پیش کئے۔ ریحام کی سکیورٹی کیلئے 450 سے زائد پولیس اہلکار مامور تھے جنہوں نے پورے سپورٹس کمپلیکس کو گھیرے رکھا۔صباح نیوز کے مطابق ریحام خان چار گھنٹے کی تاخیر سے آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے پہنچیں اور کئی بچے ان سے ملاقات کا انتظار کرتے ہوئے سو گئے تھے۔ اے پی ایس کی پرنسپل کے گھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کو کسی طور بھلایا نہیں جاسکتا۔ سانحہ پشاور میں 132سے زائد گھر ویران ہوگئے۔ شہید پرنسپل طاہرہ قاضی نے فرض کی خاطر جان دیدی۔ میں اور خان صاحب سادگی سے عید منا رہے ہیں۔ سانحہ اے پی ایس میں قوم ایک ہوئی۔ طاہرہ قاضی جیسی پرنسپل پوری دنیا کیلئے مثال ہیں۔