نوازشریف‘ اسحق ڈار کی مدینہ منورہ زرداری‘ بلاول کی دبئی میں عید
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے عیدالفطر مدینہ منورہ سعودی عرب میں منائی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری‘ بلاول بھٹو زرداری عیدالفطر دبئی میں، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد میں عید منائیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن عید ڈیرہ اسمٰعیل خان، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی اپنے آبائی گھر کے علاوہ اسلام آباد میں عید منائیں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین لندن اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ لاہور میں، تحریک استقبال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ کراچی اور استقلال پارٹی کے چیئرمین سید منظور علی گیلانی لاہور میں، سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین گجرات سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ان کے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی لندن میں عید منائیں گے۔ عمران خان نے خراب موسم کے باعث دورہ بنوں ملتوی کر دیا۔ مسلح افواج سکیورٹی فورسز‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لاکھوں جوان عیدالفطر اپنے فرائض کی بجاآوری میں گزاریں گے۔ آپریشن ضرب عضب میں مصروف افسر اور جوان اپنے گھروں سے سینکڑوں ہزاروں میل دور مادر وطن کی دہشت گردوں سے حفاظت کرتے ہوئے عید منائیں گے۔ مشرقی محاذ پر پنجاب رینجرز کے جوان بھی بھارت کی حالیہ بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا مقابلہ کرتے اور پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے عید منائیں گے۔خرابی موسم کے باعث چیئرمین تحریک انصاف آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کیلئے بنوں نہ جاسکے۔ ترجمان تحریک انصاف انصاف نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں روانہ ہونا تھا تاہم گزشتہ رات سے جاری بارش اور خراب موسم کے باعث ان کا دورہ منسوخ کردیا گیا۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سکھر، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ خیرپور، پیر پگاڑا پیر جوگوٹھ، منظور وسان خیرپور، سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی گڑھی یاسین میں عید منائیں گے۔