کراچی: 3 دہشت گرد گرفتار، افغان بارڈر پر بموں کے خام مال سے لدے ٹرک پکڑے گئے

18 جولائی 2015

کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاﺅن میں کرائم برانچ پولیس نے کارروائی میں تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ ایس ایس پی شاہجہان خان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے تین دستی بم اور تین پستول برآمد کر لئے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ملیر داﺅد گوٹھ میں دستی بم کے حملے میں 8 افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پاک افغان بارڈر سے بموں کی تیاری کے خام مال سے بھرے 19 ٹرک پکڑے لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کسٹم ٹیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کوئٹہ سے افغانستان لے جانے والے 19 ٹرکوں کو قبضے میں لے لیا۔ بیشتر سمگلر تو فرار ہو گئے تاہم کئی کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بلوچستان پولیس کے ایس پی کی اہلیہ گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔ نجی وی کے مطابق ایس پی کی اہلیہ کو طبی امداد کیلئے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایس پی کا موقف ہے کہ اہلیہ گھر میں اتفاقیہ گولی لگنے سے زخمی ہوئیں۔ پولیس نے ایس پی کی پستول تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دہشت گرد گرفتار