پوپلزئی کا عید کے رنگ میں پھر بھنگ

18 جولائی 2015
پوپلزئی کا عید کے رنگ میں پھر بھنگ

پشاور میں حسب معمول مولانا شہاب الدین پوپلزئی نے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کی روایت برقرار رکھی۔ انہوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز قبل کر دیا تھا۔ ’’چاند چڑھانے‘‘ کے عادی شاہدوں کو عید کا چاند بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز قبل ہی نظر آ گیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے قیام کا مقصد ہی قمری مہینوں کے آغاز ، رمضان المبارک اور عیدین پر یکجہتی پیدا کرنا ہے۔ مولانا پوپلزئی پورا سال خاموش بیٹھے رہتے ہیں رمضان اور عیدین کے موقع پر وہ ملت میں نفاق و انتشار پھیلانے کیلئے نکل آتے ہیں۔ سائنسی دور میں چاند کے نمودار ہونے یا نہ ہونے کی سو فیصد درست پیشگوئی کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ 16 جولائی کو پاکستان کے کسی بھی حصے میں چاند کے نمودار ہونے کا سرے سے امکان ہی نہیں تھا۔ پھر بھی پوپلزئی کو 16 شہادتیں مل گئیں۔ تحقیقات کی جائے کہ شہادتیں دینے والے وہی تو نہیں جو فاٹا میں دشمن کے ایجنٹ طالبان کے بھیس میں لڑ رہے ہیں جن میں سے کئی مارے گئے تو انکی جسمانی ساخت مسلمانوں جیسی نہیں تھی۔ قوم کی خوش قسمتی ہو گی کہ پوپلزئی قوم میں نفاق پیدا کرنے سے باز رہیں۔ اگر وہ ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے پر بضد ہیں تو انکی رائے کو کوئی اہمیت نہ دی جائے۔ وہ خود بخود گوشہ گمنامی میں چلے جائینگے۔ قوم رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کیمطابق عید منا رہی ہے۔ اسے اپنے اردگرد مستحقین کا خیال رکھنا چاہیے۔ یہ خوشیوں کا تہوار ہے پارکوں اور سڑکوں کو صاف ستھرا رکھنے میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ نوجوان کھل کر خوشیاں منائیں ہلڑ بازی سے گریز کریں۔ پاک افواج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مصروف ہے اس جنگ کے شہداء اور فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی ضروری ہے۔

کشمور:132کلو بھنگ برآمد

کشمور(نامہ نگار) گائوں امام بخش بنگوار میں خفیہ اطلاع پر کاروائی میں پولیس نے ...