حکومت پنجاب کا بلوچستان کے طلباکیلئے تعلیمی اداروں میں سیٹیں بڑھانے کا فیصلہ اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی‘ ہنر مند پنجاب پروگرام میں بھی دو ہزار بلوچی طلبہ کو داخلہ دیا جائیگا
لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے بلوچستان کے طالب علموں کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سیٹیں بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بلوچستان کے طالب علموں کو پنجاب میں فری تعلیم دینے کیلئے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی نے اپنی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہیں جبکہ پنجاب کی طرف سے ہنرمند پنجاب کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے اس میں بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی پنجاب حکومت مختلف اداروں میں ہنرمند بنانے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کرے گی۔ پہلے سال تقریباً دو ہزار بلوچی نوجوانوں کو پنجاب میں ہنرمند بنانے کیلئے داخلہ دیا جائے گا۔