گیس، بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن تیز، کروڑوں روپے کی چوری پکڑی گئی
لاہور+راولپنڈی (خبرنگار+نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) پنجاب میں گیس اور بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن مزید تیز کر دیا گیا، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں چھاپے مار کر کروڑوں روپے کی چوری پکڑ لی گئی۔ فیصل آباد جھنگ روڈ پر واقع فیکٹری پر فیسکو نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے کی بجلی چوری پکڑ لی گئی، ملتان کا زکریا شاپنگ سنٹر بھی بجلی چور نکلا یہاں پر غیر قانونی کنکشن لگا کر پانچ سال سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ علاوہ ازیں ٹاسک فورس نے بادامی باغ میں کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے ایک سٹیل مل کو گیس اور بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے مالک سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمات درج کر وا کے ان کو گر فتار کروا دیا گیا ہے۔ فورس نے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی عرفان سٹیل مل پر چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر بجلی و گیس کی چوری پکڑ لی اور سٹیل مل کو سیل کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ سوئی گیس کے 2 اہلکاروں کو شیخوپورہ میں گیس چوری کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ادھر جھنگ روڈ فیصل آباد پر ایک فیکٹری میں گیس چوری پکڑی گئی فیکٹری میں زیر زمین پائپ لائن سے گیس چوری کی جا رہی تھی۔ علاوہ ازیں سوئی ناردرن گیس نے کہا ہے کہ خیابان سرسید راولپنڈی میں دو سی این جی سٹیشنز، جامع مسجد روڈ پر پلاسٹک فیکٹری اور ایک دکان کو سیل کردیا گیا ہے۔ دریں اثناءبجلی چوروں اور واپڈا میں میگا کرپشن کے خلاف کارروائی کا اختیار سونپے جانے پر ایف آئی اے نے کریک ڈاﺅن کی تیاریاں کر لیں۔ ایف آئی اے نے بڑے پیمانے پر خورد برد میں ملوث واپڈا اور تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کی فہرستیں اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں۔ ایف آئی اے نے ”بدنام“ افسروں کے اثاثوں کے بارے بھی چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کو مزید منصوبہ بندی سے جامع بنایا جا رہا ہے۔ لیسکو اور سوئی ناردرن کے افسران کو بڑے یونٹوں کی خود میٹر ریڈنگ اور میٹر ریڈروں کے اعداد و شمار کی تصدیق کرنے کا پابند بنائے۔