چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) عادل بشیر نے ایکسپورٹ کے شعبوں کو بلا تعطل گیس سپلائی پر شکریہ ادا کیا ہے

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) عادل بشیر نے ایکسپورٹ کے شعبوں کو بلا تعطل گیس سپلائی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے نئے ایم ڈی ایس این جی پی ایل سید علی جاوید ہمدانی کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی ہے کہ وہ ایکسپورٹ سیکٹر کو گیس کی نارمل سپلائی یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی سوئی گیس سے ایک ملاقات میں کیا۔ چیئرمین اپٹما پنجاب عبدالرحیم ناصر اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ پورے پنجاب میں گیس کا کم پریشر ہے جس سے برآمداتی شعبے کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے ایم ڈی سے درخواست کی کہ گیس کے اصل استعمال کی تصدیق کر کے ایڈہاک بلوں کو واپس لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن ملوں کی جانب سے لوڈ میں اضافے کی درخواستیں آئی ہیں، ان کو جلد پراسس کیا جائے۔ اسی طرح انڈسٹریل سے کیپٹو پر منتقلی کی درخواستوں کو بھی پراسس کیا جائے۔ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے اس موقع پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کی کارکردگی کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔