ماضی کے حکمران اختیارات رکھنے کے باوجود صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے: شاہ محمود

ملتان(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ایمان ہے وسیب کو اس کی شناخت ملے گی، اب وسیب کی آواز کو نہ کوئی دبا سکتا ہے اور نہ کوئی جھکا سکتا ہے۔ ہم رہیں نہ رہیں یہاں کے باسیوں کو اس کاحق ضرور ملے گا۔ تحریک انصاف وفاق کی حامی اور مضبوط فیڈریشن پر یقین رکھتی ہے۔ مضبوط انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم کیلئے جنوبی پنجاب صوبے کاقیام بہت ضروری ہے۔ ماضی کے حکمران اختیارات رکھنے کے باوجود صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے۔ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔وسیب کا نمائندہ و بیٹا ہونے پر فخر ہے۔ وسیب کی ترقی کیلئے جو کچھ ہو سکا کیا اور کرونگا۔ وزیراعظم عمران خان کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قائل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں نجی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام سرائیکی مشاعرہ سے خطاب ‘ این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وفود سے ملاقات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہو گیاہے۔ جو باتیں ہم گذشتہ دو سال سے کہتے چلے آ رہے تھے آج دنیا ان کی تائید کر رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا کہ یہ عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے۔یہ یقیناً ہمارے سفارتی نقطہ ء نظر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔یہ امر کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا باعثِ ہے اس آواز سے ہندوستان کا چہرہ مزید بے نقاب ہو گا۔ انہوں نے کہا پہلے دن سے کہ رہے ہیں پی ڈی ایم اندرونی انتشار کا شکار ہے۔استعفوں ‘ لانگ مارچ اور بہت سارے معاملات میں اختلافات عوام کے سامنے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے اندر مختلف آرائ ہم سے ڈھکی چھپی نہیں۔جے یو آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنوعہ اور ان کی ٹیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ملتان کے پارکوں کی حالت زار اور ان کی بہتری بارے بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا ملتان کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے سبزہ اور شجر کاری ناگزیر ہے۔ ملتان کے پارکوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ تاکہ شہری بلا خوف و خطر اور تفریح کے مقصد سے اپنی فیملی کے ساتھ پارکوں میں آئیں۔انہوں نے کہا ملتان میں ایک نیا پارک بنایا جائے گا جبکہ 6 پارکوں کو اپ گریڈ کرکے ان کی حالت میں بہتری لائی جائیگی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سوئی گیس روڈ پر این اے 156 اور این اے 157 کی یونین کونسل 44 ‘45 اور 56کے عوام کے دیرینہ مطالبے پرکروڑروں روپے کی لاگت سے سلطان پورہ تا چوک غلام محمد والہ تا چاہ ڈھوری والہ سیوریج منصوبے کا افتتاح کیا۔وزیر خارجہ نے مختلف تقریبات میں شرکت کی ملتان میں مصروف دن گزارا۔