پی آئی اے جہاز واقعہ‘ ملک کی بڑی بدنامی:منور رضا
کراچی( نیوز رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما صوبائی صدر لیبر ونگ(ن)سندھ سید منور رضا نے ملائیشیا میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کا جہاز قبضے میں لیکر مسافروں کو اتارنے کے واقعہ کو ملک کی بڑی بدنامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ سے دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی ہے اور قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔ عمران حکومت کی نااہلی ‘ جاہلیت اور بیڈ گورننس سے پاکستان بار بار بدنام ہورہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے وقت کا تقاضہ ہے کہ نااہل حکمرانوںکو گھر بھیج کر ملک اور قوم کو مزید بدنامیوں سے بچایا جائے۔ سید منور رصا نے مزید کہا کہ پی آئی بوئنگ777 ضبط کیا جانا ملک کی بہت بڑی بدنامی ہے کورٹ آرڈر دکھاکر جہاز پاکستان جانے سے روک کر مسافروں کو اتارا جانا المیہ ہے دنیا کی تاریخ میں یہ پہلا اور انوکھا واقعہ ہے کہ ایک ملک کی کسی قومی ایئر لائن کا جہاز کسی اور ملک میں روک کر ضبط کیا گیا ہو۔ سید منوررصا نے کہا کہ حکومت ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکی ہے نیازی حکومت کے اڑھائی برس کے اقتدار میں دنیا کی عدالتیں پاکستان پر اربوں روپے کے جرمانے عائد کررہی ہیں جس سے قومی خزانے کو بڑا نقصان پہنچ رہا ہے ملک پہلے ہی دیوالیے کی جانب گامزن ہے معیشت تباہ ہے صنعتی پہیہ جام ہوچکا ہے مہنگائی کے طوفان نے قوم سے جینا کا حق بھی چھین لیا ہے۔