حکومت اتحادی جماعت کے مشورے پر کان دھرے
چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ق)کے بلامقابلہ مرکزی صدر جبکہ طارق بشیر چیمہ سیکرٹری جنرل بن گئے ہیں ، چند روز قبل چودھری پرویز الٰہی بھی مسلم لیگ (ق) پنجاب کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے نئی تنظیمی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے اپنی اتحادی حکومت کو پھر تجویز دی ہے کہ تمام بڑے منصوبے دو، تین سال کیلئے معطل کرکے تمام وسائل غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے صرف کئے جائیں کیونکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری سے ہی ملکی دفاع اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی کا حکومت کو مشورہ پوری قوم کی آواز ہے کیونکہ فی الحال عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور توجہ اور اقدامات کی ضرورت ہے، انسانیت کے مقابلے میں کسی ترقیاتی منصوبے کی کوئی اہمیت نہیں۔ اگر عام آدمی کی زندگی بہتر ہوئی تو تب ہی حکومت اور ادارے مضبوط ہوں گے۔ ملکی معیشت بہتر جبکہ جمہوریت بھی مستحکم ہوگی۔ حالات اور وقت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ حکومت اپنی اہم ترین اتحادی جماعت کے مشورے پر کان دھرے۔