سکھر میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ عذاب بن گئی
سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ محکمہ سوئی گیس انتظامیہ نے گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کر کے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے، تاجر برادری اور شہریوں کے احتجاج کے باوجود سوئی گیس انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اگر فوری طور پر سوئی گیس انتظامیہ نے گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ حل کر کے گیس کی مسلسل فراہمی نہیں کی تو سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزیدکہنا تھاکہ سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے صبح، شام اور رات کے وقت گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں شدید پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین لکڑیاں اور سیلنڈر کا استعمال کر کے کھانا پکانے پر مجبور ہیں، جس کے باعث غریب عوام کو اضافی مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ احتجاج کے باوجود سوئی گیس انتظامیہ نے اس مسئلہ کے حل کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی اور اپنی ہٹ دھرمی کو قائم رکھتے ہوئے آج بھی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا مسئلہ جاری ہے۔ انہوں نے متنبیہ کیا کہ اگر فوری طور پر گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے پریشر کمی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف سوئی سدرن گیس آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ سوئی گیس انتظامیہ پر عائد ہوگی۔