انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ سید کلیم امام نے کہا ہے کہ کرائم انڈیکس پر کراچی چھٹے سے88 ویں نمبر پر آگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام کی زیر صدارت امن اور کرائم کنٹرول پر اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی، اس موقع پر تمام پولیس رینج کے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پی ویڈیو لنک پر موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے میں اسٹریٹ کرائمز میں مجموعی طور پر7فیصد کمی واقع ہوئی ہے، کرائم انڈیکس پر کراچی چھٹے سے88 ویں نمبر پر آگیا ہے۔اس موقع پر آئی جی کلیم امام نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ایمانداری اور دیانت سیکام کرتے ہوئے عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، عوام کے اعتماد کو فروغ دیں اور ان میں پولیس کا امیج بہتر بنائیں۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آرز کے اندراج میں 23 فیصد اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں میں 54 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاریوں میں 41 فیصد اور گرفتار ملزمان کی سزاؤں کے عمل میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ میگا ایونٹس کے آغاز اور اختتام کو پْر امن اور کامیاب بنایا گیا۔آئی جی سندھ نے کرائم کنٹرولنگ اور استحکام امن کو ٹھوس بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں مجموعی طور پر 7 فیصد کمی ہوئی۔کلیم امام نے بتایا کہ لوگ بلاکسی خوف کے تھانوں سے رجوع کر رہے ہیں اور ایف آئی آر کے اندارج کا مقصد ہی جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا ہے۔ ہم پاکستان کے آئین اور قانون پر مکمل یقین رکھتے ہیں، پرامن سندھ اور کراچی کے باعث دنیا بھر سے غیرملکی یہاں آرہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اشتہاریوں کی گرفتاری54جبکہ مفروروں کی گرفتاری 41 فیصد بڑھی،اور گرفتار ملزمان کی سزاؤں کے عمل میں 44فیصد اضافہ ہوا۔اجلاس سے قبل کراچی میں شہید دو پولیس اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ کلیم امام کا کہنا تھا کہ پولیس شہدا کے ورثا خود کو تنہا نہ سمجھیں محکمہ ان کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہے، میں کرائم کنٹرولنگ اور استحکام امن پر سندھ پولیس کو شاباش پیش کرتا ہوں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024