گجرات میں برطانوی شہری دو بہنوں کی ہلاکت کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہلاکت کی وجہ دم گھٹنے سے ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق 18 سالہ نادیہ اور 25 سالہ ماریہ کا عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں پوسٹ مارٹم ہوا جس میں موت کی بنیادی وجہ دم گھٹنا قرار دیا گیا ہے۔پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں لاشوں کو موت کے تقریبا 26 گھنٹے کے بعد ہسپتا ل لایا گیا تھا ، جبکہ دونوں بہنوں کے جسم پر نہ تو تشدد کے نشان تھے، نہ ہی جسم پر کوئی سوجن یا خراش تھی اور جسم کی تمام ہڈیاں بھی اپنی جگہ پر پائی گئی تھیں ۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ معدے، پھیپھڑوں اور دل میں زہرخورانی کے اثرات بظاہر دکھائی نہیں دئیے، دونوں بہنوں کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی ہے۔ ہسپتا ل ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کے سیمپلز پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں، جہاں لیبارٹری کی رپورٹ کی روشنی میں موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔واضح رہے کہ برطانیہ سے آئی دو بہنوں کی لاشیں 12 جنوری کو گجرات میں گھر کے غسل خانے سے برآمد ہوئیں جنہیں بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے ہسپتا ل منتقل کیا گیا تھا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024