بجلی کے نرخوں مزید اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملہ ہے:الطاف شکور
کراچی ( نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ُآئندہ ماہ سے بجلی کے نرخوں میںایک بار پھر سے اضافے کا منصوبہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کی تیار ی ہے۔پی ٹی آئی کے ڈیڑھ سالہ دور حکومت میں بجلی کے نرخوں میں پندرہ بار اضافہ انتہائی سنگین ظلم ہے۔ قیمتوں میں بار بار اضافہ کے ساتھ فیول ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ تحریک انصاف کا کون سا انصاف ہے؟ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں جس طرح اضافہ کیا جا رہا ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔وصولیوں کے لئے ہر وقت چوکس حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لئے صرف قبر ہے، حکومت گُڑ نہ دے گُڑ جیسی بات تو کرے۔ پاسبان پبلک سیکریٹیریٹ میں ہونے والی میٹنگ میں آئندہ ماہ سے بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھراضافہ کے ذریعے صارفین پر 405 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی خبروں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ناانصافیوں اور ظلم کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا ہے جس کی بدترین مثال بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہر ماہ ہونے والا اضافہ ہے۔ نت نئے ٹیکسوں کے نام پر نیپرا اور کے ای ایس سی کی دھاندلی دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ ادارے پی ٹی آئی کے اپنے گھر کے ادار ے ہیں جنہیں فائدہ پہنچانا یعنی خود کو فائدہ پہنچانا ہے۔ ورنہ تبدیلی اور عوام کو ریلیف دینے کی باتیں کرنے والے یکدم ہی عوام کے دشمن کیوں ہو گئے ہیں؟ کل تک عوام کا ساتھ دینے والے آج قبرستان جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔8,8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہو رہی بلکہ ہر ماہ بجلی کے بلوں میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ نجانے یہ سلسلہ کہاں جا کر رکنے والا ہے؟ طرح طرح کے ٹیکسز کی مد میں صارفین سے ہزاروں روپے ناجائز وصول کرنے کے بعد بھی اضافے پر اضافہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ پیٹ میں کھانا نہیں، چولہوں میں گیس نہیں، روزگار کے ذرائع ختم، تعلیم سے محروم عوام آخر جائے تو جائے کہاں؟جتنی بجلی نہیں آتی اُس سے سو گنا زیادہ بل آتے ہیں۔کپتان نے نئے سال کے آغاز میں تبدیلی اور خوشحالی کے نئے خواب دکھائے اور حسب روایت نئے سال کی شروعات کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن دے کر ایکاور یو ٹرن لے لیا۔عوام کو مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی اجیرن کر رکھا ہے اور اب یکے بعد دیگرے بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافے نے تو بچی کھچی ہمت بھی توڑ دی ہے۔ آخر اپنے بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لئے موجودہ حکومت اور کتنے ظلم کے پہاڑ توڑے گی؟ تحریک انصاف کی حکومت نیا پاکستان کے نعرے کے ساتھ آئی تھی، کدھر ہے نیا پاکستان؟بنیادی سہولیات کے فقدان اور سہولیات کی عدم دستیابی کے ساتھ یہ نیا پاکستان عوام کو نامنظور ہے۔