سندھی مسلم سوسائٹی کے درمیان نالے پر تجاوزات خطرناک قرار
کراچی (سٹی نیوز) کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن(کے ڈبلیو جی اے) کے چیئرمین ملک ذوالفقارعلی نے پی ای سی ایچ ایس اورسندھی مسلم سوسائٹی کے درمیان نالے پر قائم تجاوزات کو آبادی کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ بارشوں کی صورت میںگھروںکے ڈوبنے کا اندیشہ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نالے پر تجاوزات کی بھرمار ہے جو کہ کئی بار توجہ دلانے کے باوجود ختم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ اردگرد کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ملک ذوالفقار علی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی سے پی ای سی ایچ ایس اورسندھی مسلم سوسائٹی کے درمیان نالے پر قائم تجاوزات کا نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے درخواست کی کہ بارشوں سے قبل ہی نالوں پر قائم تجاوزات ختم کرکے نالوں کی صفائی کو یقینی بنائی جائے تاکہ نکاسی کی روانی ممکن بنائی جاسکے بصورت دیگر ماضی کی طرح بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے کاخطرہ ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تھا تاہم وقت سے پہلے ہی نالے بحال کرنے سے ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکتا ہے۔