حکومت کلیم امام کی جگہ من پسندآئی جی لانا چاہتی ہے، زاہد اعوان
کراچی (سٹی نیوز) پاک مسلم الائنس دیوان کے صدر زاہد اعوان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں اپنی من مانیوں کیلئے من پسند آئی جی تعینات کرنا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی کو بااختیار آئی جی پولیس کسی صورت قبول نہیں ہے۔ آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کے حوالے سے سندھ کابینہ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے پاک مسلم الائنس دیوان کے صدر زاہد اعوان نے کہا کہ بااختیار آئی جی سندھ پیپلزپارٹی کی حکومت کی من مانیوں میں رکاوٹ ہیں، سندھ حکومت مرضی کا آئی جی تعینات کرکے صوبے میں ایک بار پھر بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے پیچھے سیاسی مقاصد کارفرما ہیں، سندھ حکومت تھانوں میں مرضی کے ایس ایچ اوز لگاکر ایک بار پھر شہر میں جرائم کو فروغ دینے کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل، ایماندار اور فرض شناس آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیم امام کی کمان میں سندھ پولیس نے کراچی میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور سندھ حکومت آئی جی کو تبدیل کرکے ایک بار پھر صوبے کو بدامنی کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔