امریکہ، ایران کشیدگی میں کمی لائیں: روسی وزیر خارجہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے مابین موجودہ شدید کشیدگی میں کمی لائی جانا چاہیے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مسلسل ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہنے کے بجائے خطے میں امن کیلئے اقدامات کئے جائیں، دوطرفہ کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔ یہ کشیدگی کم از کم تین بڑے حالیہ واقعات کے بعد سے اپنی انتہا پر ہے۔ پہلے امریکا نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد ایران نے عراق میں ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے بھی کیے تھے۔ اس کے علاوہ اسی کشیدگی کے تناظر میں ایرانی فورسز نے گزشتہ ہفتے غلطی سے یوکرائن کا ایک مسافر طیارہ بھی مار گرایا تھا۔