موجودہ حکمرانوں سے قوم کو نجات دلا کر دم لیں گے: فضل الرحمن
جیکب آباد (آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے قوم کو نجات دلا کر دم لیں گے ،جلد جیکب آباد کا دورہ کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی صوبہ سندھ کی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا فدا احمد ڈول سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ جے یو آئی فروری میں پنجاب سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کو حتمی شکل دینے کے لئے مشورے کررہی ہے۔ موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، حکمران ناکام ہو چکے اور ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام بھی اب حکومت سے نجات چاہتی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشورہ کے لئے مولانا فدا احمد ڈول کو فون کیا اور ضلع جیکب آباد کے حوالے سے تفصیلی معلومات لیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جلد جیکب آباد کے دورے پر آئوں گا اور عوام کو حکمرانوں کے کرتوتوں سے آگاہ کروں گا۔