آئندہ 2 ماہ میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں مزید لنگر خانے کھولے جائینگے: ثانیہ نشتر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) احساس پروگرام کے تحت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) میں دوسرے لنگر خانے کا افتتاح کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق یہ لنگر خانہ دن میں دو مرتبہ مریضوں اور ان کے ساتھیوں سمیت 1000افراد کو کھانا فراہم کرے گا۔ پہلے مرحلے میں، آئندہ دو ماہ میں احساس سیلانی لنگر پشاور، سوات، ملتان، لاہور اور عمر کوٹ میں کھولے جائیں گے۔ مجموعی طور پر پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت ملک بھر میں دو سال کے عرصہ میں 112لنگرخانے قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز لنگر خانے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چیئرمین ایس ڈبلیو آئی ٹی کے مشیر محمد افضل چدمیا، چیف آپریٹنگ آفیسر محمد غزل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر انصر بھی موجود تھے۔لنگر وزیر اعظم کے مزدور کا احساس اقدام کا حصہ ہیں جن کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات بالخصوص دیہاڑی دار مزدورں کو کھانا فراہم کرناہے۔ احساس سیلانی لنگر پروجیکٹ کی بنیاد اخلاقیات کے تقاضوں پر مبنی ہے جس کا مقصد ایس ڈی جی 1غربت کے خاتمے اور ایس ڈی جی 2 بھوک کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہیں کہ پاکستان میں کوئی بھی شخص رات کو بھوکا نہ سوئے اور احساس اس وژن کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔