آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میدان سج گیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام نوجوانوں کے عالمی ٹورنامنٹ کا میلہ جنوبی افریقہ میں سج چکا ہے جس میں 16 ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائجیریا اور ویسٹ انڈیز۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ 17 جنوری سے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز میزبان جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان پہلے میچ سے ہو چکا ہے۔ پاکستان ٹیم بھی بلند عزائم کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شریک ہے، ٹورنامنٹ کے دونوں وارم اپ میچز میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے نائجیریا اور سری لنکا ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے گروپ سی میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ کل بروز اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان ٹیم سے اچھے کھیل کی توقع ہے یہ اسی صورت میں ممکن ہوگا جب تمام نوجوان کھلاڑی اپنے حصے کا پرفارم کرینگے۔ قومی ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کو اچھا تجربہ بھی حاصل ہے جس کی بنا پر پاکستان ٹیم سے اچھے نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز سے پہلے پاکستان ٹیم نے پہلا وارم اپ میچ نائجیریا کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میچ میں پاکستانی شاہینوں نے حریف ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں نائجیریا کی پوری ٹیم 36.2 اوورز میں 109 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ صرف دو کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہو سکے۔ جن میں سلمان روسوے نے 29 اور چکویموکا نے 20 رنز سکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے ابھرتے ہوئے نوجوان باولر محمد عامر نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ قاسم اکرام اور محمد عباس آفریدی نے دو دو، طاہر حسین اور فہد منیر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 110 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 14.3 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کی طرف حیدر علی نے سب سے زیادہ 70 رنز کی اننگز کھیلی اور ریٹائر ہرٹ آوٹ ہوئے جبکہ محمد حارث نے 18 اور فہد منیر نے 14 رنز سکور کیے۔ پاکستان ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ سری لنکا کے خلاف تھا جس میں پاکستان ٹیم نے پانچ وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔ اس میچ میں سری لنکن انڈر 19 ٹیم نے تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 215 رنز کا مجموعہ حاصل کیا جس میں دو کھلاڑیوں کی نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ سری لنکن کپتان دھنیجا پریرا نے 55 اور سونل دھونشا نے 68 نمایاں رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں طاہر حسین نے چار جبکہ عامر خان، محمد عباس آفریدی اور محمد عامر نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
انڈر 19 ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے جو مستقبل کے سٹار کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔