بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشفیق الرحمن کا پاکستان آنے سے انکار
ڈھاکہ(آئی این پی) بنگلادیشی وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا، انھوں نے چیف سلیکٹر کو فون پر دستبرداری ظاہر کردی۔بنگلادیش کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے پاکستان کا ٹور کرنے سے انکار کردیا ہے، پی سی بی کے ساتھ تازہ ترین کمٹمنٹ کے تحت بنگلہ دیش پہلے ٹی 20سیریز کیلئے دورہ کرے گا، بعد ازاں 2ٹیسٹ میچزکی سیریز 2قسطوں میں کھیلی جانی ہے۔چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے کہاکہ مشفیق الرحیم نے مجھے فون کرکے بتایا کہ وہ پاکستان نہیں جارہے، ہم اب ان کے اس حوالے سے باضابطہ خط کا انتظار کررہے ہیں، اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو پھر انھیں سیریز سے باہر کردیں گے۔منہاج العابدین نے مزید کہا کہ پاکستان کے ٹوئنٹی 20ٹور کیلئے ٹیم کا اعلان 1، 2روز میں کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ بنگلادیش کو پہلے ہی اپنے ایک سینئر کھلاڑی شکیب الحسن کی فکسنگ پابندی کے سبب خدمات میسر نہیں ہیں۔واضح رہے کہ تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے،دوسرے مرحلے میں بنگلادیشی ٹیم دوبارہ ایک ٹیسٹ میچ کیلیے راولپنڈی آئے گا۔ اسی طرح تیسری بار بنگال ٹائیگرز کراچی میں ایک ٹیسٹ اور ایک ہی ون ڈے میچ کھیلنے کیلیے آئیں گے۔