فرانسیسی سفیر کی ملاقات: پاکستان میں میڈیا آزاد اور متحرک ہے‘ فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فرانس کے سفیر مارک بارٹے نے ملاقات کی جس میں اے ایف پی کی جانب سے اے پی پی کیلئے تکنیکی تعاون، تربیتی سہولیات اور میڈیا کے وفود کے دوطرفہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کی استعداد کار میں اضافہ اور ٹریننگ کیلئے فرانس سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی سٹیٹ نیوز ایجینسیز اور نیشنل براڈ کاسٹرز کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فرانس کی اے ایف پی نیوز ایجنسی کا شمار دنیا کی ٹاپ نیوز ایجینسیز میں ہوتا ہے، چاہتے ہیں کہ اے پی پی اے ایف پی کے تجربات سے استفادہ کرے، نیوز ایجینسیز کے مابین تعاون دونوں ممالک کے عوام کو اہم خبروں اور اطلاعات پہنچانے کیلئے ضروری ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد اور متحرک ہے، پاکستان فرانس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ فرانس کے سفیر مارک بارٹے نے فرانس کے میڈیا منظر نامہ پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور فرانس کے مابین مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی نوعیت پر گفتگو کی۔ فرانس کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو فروغ دینے پر زور دیا ۔دریں اثناء ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا،جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے، ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اور جرات کی عظیم مثال ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا راناایوب نے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھاہے کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا، بھارتی مسلمان خاتون صحافی رانا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دئیے، وہ لائق تحسین ہے۔