صدر کینٹ میں ایف بی آر کی ریجنل ٹیم کے گارمنٹس کی دو معروف دکانوں پر چھاپے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) صدر کینٹ میں ایف بی آر کی ریجنل ٹیم نے گارمنٹس کی دو معروف دکانوں پر چھاپہ مارا تو مرکزی انجمن تاجران نے صدر بھر کی دکانوں کا شٹر ڈائون کردیا جس سے مارکیٹوں اور پلازوں میں خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو واپس جانا پڑامرکزی انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ اور جنرل سیکرٹری محمد ظفر قادری نے کہا کہ ہم نے ریجنل کمشنر سے معاہدہ کیا تھا کہ جو ٹیکس نادہندہ ہوں ان کی ہمیں نشاندہی کریں ہم انہیں خود لے کر پیش ہوجائیں گے اور اگر ہم ناکام رہیں تو محکمے کو اجازت ہے آکر انہیں پکڑ لیں جب ہم تعاون کر رہے ہیں تو آج ٹیکس اہلکاروں کا ایک مخصوص گروپ آیا اور الجنت اور پہچان گارمنٹس سمیت دیگر آئوٹ لیٹس میں پہنچ گیا جبکہ یہ پہلے ہی بڑے ٹیکس دہندگان ہیں اس ریڈ پر ہم نے پورے صدر میں فوری مکمل شٹر ڈائون کردیا ہے بعد میں ہم نے شاہد غفور پراچہ ، منیر مغل ، حسن مصطفیٰ کے ہمراہ وفد کی صورت میں ریجنل چیف کمشنر سے ملاقات کی جنہوں نے ہمیں اس مسئلے کے حل کیلئے تعاون کا یقین دلایا ۔