بنگلہ دیش پریمیئر لیگ بھارتی بکیوں کے نشانے پر: ایک گرفتار6 کو جرمانہ
سلہٹ(آئی این پی) بھارتی بکیزہاتھ دھوکر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے پیچھے پڑگئے مقابلوں کو داغدارکرنے کی کوششیں جاری ہیں سلہٹ میں میچ کے دوران گرفتار ایک بھارتی باشندے کو جیل بھیج دیا گیا۔بھارتی باشندہ گیلری میں بیٹھ کر معلومات اپنے ملک بھیجتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ڈھاکا میں بھی 6 بھارتیوں کو جرمانے ہوچکے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی بکیز اس بار بھی بی پی ایل کو داغدار بنانے کیلئے کوشاں ہیں، البتہ اس مرتبہ مقامی حکام بھی چوکنا اور انھوں نے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو موقع پر ہی سزا دینے کیلئے موبائل کورٹ کا بھی اہتمام کررکھا ہے۔جس نے سلہٹ میں کھیلے گئے کھلنا ٹائٹنز اور راجشاہی کنگز کے درمیان میچ میں موبائل فون کے ذریعے غیرقانونی طور پر جوا کھیلنے کی کوشش کرنے والے بھارتی باشندے کو ایک ماہ کیلئے جیل بھیج دیا۔ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ معین الحسن چوہدری نے کہاکہ بھارت سے تعلق رکھنے والا یہ شخص گیلری میں بیٹھ کر جوا کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔اس نے کئی مرتبہ اپنے ملک میں کسی سے رابطہ کیا۔ معین نے بتایا کہ چونکہ اس شخص کے پاس پاسپورٹ وغیرہ جیسی کوئی بھی دستاویز نہیں تھی اور وہ صرف ہندی بول رہا تھا اس لیے اسے جیل کی سزا دی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے بعد میں بتایا کہ اس شخص کی شناخت عمران پاشار کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بہار اسٹیٹ سے ہے۔ اس سے قبل ڈھاکا میں بھی موبائل کورٹ نے کم سے کم 20 افراد پر پورے سیزن کیلیے کرکٹ اسٹیڈیم میں داخلہ بند کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا، ان میں سے بھی 6 کا تعلق بھارت سے ہی تھا۔