غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلیں گے: احسان مانی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں تمام معروف غیرْملکی کرکٹرز پاکستان آکر کھیلیں گے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قذافی سٹیڈیم میں یو کے اینڈ پاکستان جرنلسٹ میچ کے موقع پر صحافیوں سے تعارف کے موقع پر غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کا سلسلہ ختم نہیں ہوا اور پی ایس ایل کے آغاز سے پہلے شیڈول کو حتمی شکل دے دیں گے، پی ایس ایل میں تمام معروف کرکٹرز نے پاکستان آکر کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے میں مدد ملے گی۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ ساؤتھ افریقہ اور انگلینڈ بورڈز کے ساتھ مختلف ٹیموں کی سیریز پر بات چیت جاری ہے، قذافی سٹیڈیم کے ڈریسنگ رومز کو بھی دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹاسک فورس کی تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تمام فیڈریشنز میں پروفیشنلز لانے کی سفارش کر رہے ہیں، صرف ان فیڈریشنز کو گرانٹ دینے سفارش کر رہے ہیں جن کے پاس انفراسٹرکچر کا پلان ہو گا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا حکومت سے تعلق نہیں، پی او اے آئی او سی کے ماتحت ہے اس کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتے، ہاکی والے گرانٹ مانگتے ہیں لیکن پلان نہیں بتاتے کہ کرنا کیا ہے، گرانٹ دینا حکومت کا کام ہے تاہم ٹاسک فورس صرف تجاویز دے سکتی ہے۔ احسان مانی نے این سی اے میں انڈر 13 ٹیم کے کھلاڑیوں کے جاری کیمپ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کوچنگ سٹاف نے نوجوان کھلاڑیوں پر کی سکلز کے بارے میں چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔