سالانہ امتحانات : نرسنگ کالج جنرل ہسپتال کی 2 طالبات کی صوبے بھر میںپہلی اور دوسری پوزیشنیں
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال فرسٹ ایئر کی 2 طالبات نے صوبے بھر میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے ہیں نرسنگ طالبات ثناء عارف 698 نمبر لیکر فرسٹ اور رضوانہ بی بی 687 نمبروں کے ساتھ سیکنڈ پوزیشن پر رہیں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے ان سالانہ امتحانات میں صوبے بھر میں پہلی 2 پوزیشنیں حاصل کرنے پر نرسنگ کالج ایل جی ایچ کی پرنسپل رضیہ بانو فیکلٹی ممبران اور ان ہونہار طالبات کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچیوں نے اپنے کالج کا نام پنجاب بھر میں سر بلند کیا ہے جو دیگر اداروں کیلئے بھی باعث تقلید اور روشن مثال ہے اسی طرح ان طالبات نے محنت کرکے اپنا اور اپنے والدین کیلئے بھی باعث فخر اقدام کیا ہے پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے امید ظاہر کی کہ یہ نرسنگ کالج اپنی موجودہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کیلئے مستقبل میں بھی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں اسی طرح کامیابیاں سمیٹتا رہیگا ۔ پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے 45 نرسنگ سکولوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کو نقد انعام اور خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائیگا پرنسپل پی جی ایم آئی نے نرسنگ کالج کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان دونوں طالبات کی تصاویر پر ایک ماہ کیلئے کالج ہذا میں آویزاں کرے تاکہ دیگر طالبات میں بھی تعلیمی میدان میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کا جذبہ پیدا ہو۔