حکومتی پالیسیوں سے ہر شہری پریشان‘عمران مسٹر کلین نہیں:پرویز ملک‘عمران نذیر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ عمران خان مسٹر کلین نہیں ہیں، حکومت کی پالیسیوں سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، پاکستان مسلم لیگ ن ملک میں احتساب کی حامی ہے مگر یہ بلاتفریق ہونا چاہئے، جن کے خلاف ریفرنس ہیں وہ کابینہ میں شامل ہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی بلکہ سیاسی رہنما ئوں کی گرفتاریوں سے حکومتی عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ ن کی یہ خواہش ہے کہ حکومت اپنی معیاد پوری کرے اس سے پارلیمانی نظام مضبوط ہوگا مگر چوری کے مینڈیٹ سے بننے والے وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزکوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر غزالی سلیم بت،سید توصیف شاہ ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،مجتبیٰ شجاع الرحمن، سعدیہ تیمور،عنیزہ فاطمہ ،سمیرا امجدسمیت پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔