صوبے کو محفوظ ترین بنانے کیلئے مجرموں کا بھرپور پیچھا کریں گے :آئی جی
لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں بہترین کرائم فائٹر افسروں کی تعیناتی کے مراحل مکمل ہونے کے بعد اب مجرموں کا بھرپور پیچھا کریں گے، صوبے کو محفوظ ترین بنانے کے لیے ان کرائم فائٹر افسروں کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے اور جس کے تحت ایک ایک مجرم کو نشان عبرت بنائیں گے اور آئندہ کرائم کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ہر مہینے آر پی او کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ آئی جی نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روزسی پی او میں ویڈیو لنک آر پی او کانفرنس میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میںفیصلہ کیاگیا کار چوری اور موٹرسائیکلوں کی دوسرے صوبوں میں منتقلی کو روکنے کے لیے سرحدی چوکیوں کو فعال کرنے اور بارڈر کراس کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کے علاوہ تمام فیلڈ افسران کو ایک دوسرے کے ساتھ مستقل رابطے کی ہدایت کی گئی۔ کانفرنس میں سی ٹی ڈی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر نے بتایا سوشل میڈیا پر انتہا پسندوں کی کارروئیوں کی روک تھام کے لیے 5964سوشل میڈیا سائٹس کا نہ صرف سراغ لگا یا گیا بلکہ ان میں سے 4385سائٹس کو بلاک کیا گیا۔