سی ڈی اے کے ڈویلپڈ سیکٹرز میں نئے پلاٹ تخلیق کرنے پر پابندی
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے سی ڈی اے کے ڈویلپ سیکٹرز میں نئے پلاٹ تخلیق کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ جمعرات کو شہریوں کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارہ پرانے سیکٹرز میں نئے پلاٹ نہیں بنا سکتا ، ڈویلپ سیکٹرز میں پہلے سے تخلیق کئے گئے پلاٹوں کو قانونی تحفظ ہو گا۔ شہریوں نے ڈویلپ سیکٹرز میں نئے پلاٹوں کی تخلیق کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر مختصر فیصلہ سنایا تھا جبکہ گزشتہ روز تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔