عثمان بزدار کا کہوٹہ کی خستہ حالی پر اظہار برہمی ، انکوائری کا حکم دیدیا
کہوٹہ/لاہور ( نامہ نگار+نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہوٹہ تھانے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہوٹہ کا اچانک دورہ کیا- وزیراعلیٰ ملتان سے راولپنڈی پہنچنے کے فوراً بعد بغیر ا طلاع کہوٹہ تھانے پہنچے -وزیراعلیٰ نے تھانے میں روزنامچہ چیک کیا اورحوالات میں بند ملزمان سے مسائل پوچھے-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تھانے میں نفری کی کمی کو جلد پورا کیاجائے گا اورحوالات میں بند ملزمان سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کروں گا-وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہوٹہ میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، مختلف وارڈز میں گئے او رمریضوں کی عیادت کی-وزیراعلی نے ہسپتال میں ادویات کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ادویات کی کمی کی انکوائری کاحکم دے دیا ہے-وزیراعلیٰ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے خلاف بھی انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ 48گھنٹے میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ وزیراعلی آفس بھجوائی جائے-وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے - وزیراعلیٰ کی آمد پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی-وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اوران کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے ہسپتالوں کو بہتر بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے- ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے -وزیراعلیٰ نے کہوٹہ روڈ کی خراب حالت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کچھ عرصہ قبل تعمیر کی گئی سڑک کی خستہ حالی پر انکوائری کا حکم دے دیاہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی اس ضمن میں 48گھنٹے میں حقائق سامنے لا کر ذمہ داروں کا تعین کریں -انہوںنے کہاکہ قوم کے وسائل امانت ہیں اور اس کا درست استعمال یقینی بنائیں گے - دریں اثنا وزیراعلی عثمان بزدار سے سرکٹ ہائوس ملتان میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کے لیے جاری پروگراموں پر پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے پہلی بار حقیقی معنوں میں کام شروع ہوا ہے۔ تحریک ا نصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا ہے اور ہم اس مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔اس موقع پر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے دورہ ملتان کے موقع پر سرکٹ ہائوس میں ملتان ، ڈیرہ غازی خا ن اور تونسہ شریف کے عمائدین کے وفد سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعلی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کے لیے الگ سب سیکرٹریٹ قائم کیاجارہاہے۔ سب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل آئی جی اور مختلف محکموں کے سیکرٹری تعینات کیے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے الگ پبلک سروس کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔عثمان بزدار نے کہاکہ ملتان میانوالی روڈ کو دورویہ تعمیر کیاجائے گا۔ ڈیرہ غازی خان میں سیف سٹی پروجیکٹ کے لیے عمارت کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے۔تونسہ شریف اس منصوبے میں شامل ہوگا۔تونسہ شریف میں کیڈٹ کالج کاسنگ بنیاد آئندہ دورے کے موقع پر رکھوں گا۔ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا۔ تونسہ شریف کی رودکوہی کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے منصوبہ تیار کرلیاگیا ہے۔