عالمی اقتصادی فورم کے جاری مسابقتی انڈیکس میں پاکستان107ویں نمبر پر
اسلام آباد (خبر نگار) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری کردہ مسابقتی انڈیکس میں پاکستان107ویں نمبر پر ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران عبدالقادر پٹیل کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور انجینئر علی محمد خان نے بتایا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے عالمی مسابقت انڈیکس 2018ء پر تازہ ترین رپورٹ میں پاکستان کی 140 ممالک میں درجہ بندی 107ہے‘ جی سی آئی میں کم درجہ کی وجوہات میں پالیسی عدم استحکام‘ ٹیکس شرحیں اور ضوابط‘ تجدید کی ناکافی استعداد‘ فنانس تک کم رسائی‘ غیر موزوں بنیادی ڈھانچہ اور نظم و نسق کے مسائل شامل ہیں۔ 2014ء میں یہ درجہ 144 ممالک میں 129واں تھا۔ حکومت نے درجہ بندی میں بہتری کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ فنانشل سسٹم 109 سے 89 درجہ پر آگیا ہے۔ صحت کے شعبہ میں درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ ادارے آہستہ آہستہ بہتری کی طرف آرہے ہیں جن شعبوں میں تنزلی ہوئی ہے ان کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں کچرے کی صفائی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں‘ کچرے کو تلف کرنے کے لئے اراضی کے حصول پر کام ہو رہا ہے‘ مارگلہ ہلز ٹریلز پر روشنی کا انتظام جانوروں کے قدرتی مسکن کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔