قومی کرکٹرز کی چیف سلیکٹر کی رہنمائی میں پریکٹس اچھا پر فارم کرینگے: شعیب ملک
لاہور (سپورٹس رپورٹرنمائندہ سپورٹس )جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لیے قومی ون ڈے سکواڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی رہنمائی میں پریکٹس کی ہے۔ پاکستان ون ڈے سیریز کا پر اعتماد آغاز کرنے کا خواہاں ہے، گرین شرٹس نے گزشتہ روز ہی پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال دیئے تھے جہاں پہلا ایک روزہ میچ کل کھیلا جا ئیگا، محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے عماد وسیم، حسین طلعت،شعیب ملک، محمد حفیظ اور عثمان شنواری کی صورت میں تازہ کمک بھی پہنچ چکی ہے۔ پورٹ الزبتھ پہنچ کر پہلے روز آرام کرنے والے مہمان کرکٹرز نے پریکٹس کا آغاز کردیا، اس دوران کوچنگ سٹاف کیساتھ چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی میدان میں موجود اور کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے۔یاد رہے عام طور پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان ٹیمیں منتخب کرنے کے بعد بیرون ملک دوروں پر نہیں جاتے لیکن انضمام الحق ورلڈ کپ سکواڈ کے بارے میں کوچ اور کپتان سے مشاورت کی ’’ضرورت‘‘ پیدا کرتے ہوئے پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے۔ شعیب ملک نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز قرار دیدیا۔ پورٹ الزبتھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ سلیکٹرز پاکستان ٹیم کے کمبی نیشن میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کررہے، دستیاب بہترین کرکٹرز کو ہی زیادہ سے زیادہ تجربہ دلانے کی کوشش کی جارہی ہے، ورلڈکپ سے قبل کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور انہیں گیم پلان کا علم ہوگا۔ جنوبی افریقہ میں سیریز خود کو میگا ایونٹ کیلئے تیار کرنے کا ایک بڑا موقع ہے، مشکل کنڈیشنز میں مضبوط حریفوں کا سامنا کرنے سے ہی نوجوان کرکٹرز کو تجربہ اور اعتماد حاصل ہوگا، ہمیں اب ہر میچ ورلڈکپ کی تیاریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کھیلنا ہوگا۔ نئی سیریز میں نئے عزم کیساتھ میدان میں اتریں گے، پورٹ الزبتھ میں پریکٹس کا اچھا موقع ملا، کھلاڑی اچھی فارم میں پر جوش نظر آئے اور مثبت کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں، سینئرز کو چیلنج لینے کیساتھ مشکل کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کے لیے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی کرنا ہوگی، پروٹیز کیخلاف سیریز میں بیٹ اور بال دونوں سے بہتر پرفارم کرنا ہوگا۔ خود کو نہ صرف پرفارمنس دکھانے کی کوشش کرتا بلکہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے کی سوچ کے ساتھ جونیئرز کی رہنمائی بھی اپنا فرض سمجھتا ہوں۔