بیماریوں کا تدارک: صوبائی اداروں، این جی اوز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: صدر
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بیماریوں کے تدارک اور ان کے علاج کیلئے تمام صوبائی اداروں اور این جی اوز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وسائل کو مؤثر اور مستعد انداز میں بروئے کار لایا جا سکے، صحت کے متعلق عوامی آگاہی میں میڈیا کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کی طرف سے تفصیلی بریفنگ کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر قومی صحت خدمات عامر محمود کیانی اور صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حفاظتی تدابیر کو اپنا کر کئی مہلک بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ اس بات پر زور دیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات، حفظان صحت کے اصولوں کی پیروی اور صحت مند طرز زندگی جیسے احتیاطی اقدامات اختیار کرکے کئی بیماریوں سے خود کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ معمول کی ورزش اور صفائی اچھی صحت کی ضامن ہیں۔لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد اور استعداد میں اضافہ انتہائی ضروری ہے کیونکہ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ان کا بہت اہم کردار ہے۔ صدر نے قومی فٹنس ڈے منانے کیلئے وزارت صحت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ عارف علوی نے سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قومی ثقافتی ورثہ کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ورثہ کی حامل عمارات پر کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں وفاقی محتسب کی سفارش کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران کہی۔ صدر نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ ریلوے کراسنگ لالہ زار کالونی جہلم جو شیر شاہ سوری کے دور میں کبھی ڈاک/پولیس چوکی تھی، کے قریب پاکستان ریلوے کی ملکیت تاریخی عمارت سے اشیاء کی چوری کے حوالے سے انکوائری کی جائے۔ پاکستان ریلوے کو یہ بھی ہدایت کی کہ مخصوص عمارت کے تحفظ اور اس تاریخی مقام کی باقاعدگی سے نگرانی کے لئے سیفٹی گیٹ نصب کیا جائے۔ انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کو بھی ہدایت کی کہ اس آثاریاتی مقام کے تحفظ کے لئے ضروری تفصیلات اور تدارکی اقدامات کے ساتھ جامع رپورٹ پیش کرے۔