اپوزیشن متحدہورہی ہے، حکمرانوں کو ایک دن دینے کے حق میں نہیں: فضل الرحمن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس میں سب اتحاد پر متفق تھے۔ سیاستدان وہی ہے جو عوام کے جذبات کو پڑھ سکے۔ پارلیمانی شخص پارلیمان کے کردار کی نفی نہیں کرسکتا۔ حکومت جعلی مینڈیٹ پر آئی ہے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ عوام کے ووٹ کے تحفظ کیلئے عوام میں جانا پڑے گا۔ میں تو انہیں ایک دن بھی حکومت کرنے کا حق نہیں دیتا۔ اگر کہا جائے کہ ووٹ چوری ہوا ہے تو اس میں کیا خطرہ ہے ۔ عوام کا حق ہم جان پر کھیل کر دینے پر تیار ہیں۔پی ٹی آئی کے لوگ تو لائے ہوئے ہیں۔ نان لمیٹڈ لوگوں کو زبردستی سیٹیں دلا کر ایوان بھر دیا۔ اپوزیشن متحد ہورہی ہے انتظار کیجئے۔ نااہلوں سے ملک کو چھڑانا معیشت کو بچانے کا راستہ ہے۔ جیل سے وحشت کھانے والے کو سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ اداروں کے اختیارات کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنا چاہئے۔ فاٹا کے معاملے پر نواز پر بہت دبائو تھا۔ وہ اس دبائو کا مقابلہ نہ کرسکے۔ نوازشریف کے 5 سالہ دور میں قانون سازی نہ ہوئی۔ ان کے جانے کے بعد ایک ہی سیشن میں قانون سازی ہوگئی۔ اس ملک میں بہت کچھ ہوتا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کس نے بنائی کیسے بنی ؟ طالبان آئے کس نے بنائے کیسے بنائے؟