بعض وزراء کامیڈین، وزیراعظم کے بیانات سے جگ ہنسائی ہورہی ہے: لیگی رہنما
اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانات سے جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ان کو غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرنی چاہئے، بعض وزرا کامیڈین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اندر احتساب کا نظام شفاف ہونا چاہئے سب کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا برابر موقع ملنا چاہئے، یہ ملک جمہوریت کے بغیر نہیں چل سکتا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر حکومت نے ابھی ہم سے رابطہ نہیں کیا، عمران خان کنٹینر پر چڑھا ہوا آدمی ہے اس کے منہ میں جو آتا ہے وہ کہتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے آئی ہے ان کو عوام نے ووٹ نہیں دیا۔ پی ٹی آئی میں جن لوگوں پر کرپشن کے الزام ہیں ان کو کوئی نہیں پوچھتا۔ اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرے اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پیش کرے، اپوزیشن کا اتحاد دو ایشوز پر ہوا ہے،آصف زرداری کی اپنی پارٹی ہے اور اپنے نظریات ہیں وہ ہمارے پابند ہیں نہ ہم ان کے پابند ہیں۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہم حکومت کو بالکل نہیں گرانا چاہتے ،یہ حکومت جب سے بنی ہے لڑکھڑا رہی ہے ،ابھی تک جتنی جائیدادیں نکلی ہیں وہ عمران خان کے خاندان کی نکلی ہیں وہ جائیدادیں واپس لے کر آئیں۔ احتساب کا عمل تو عمران خان کے خلاف بھی شروع ہے وہ اس کو کبھی چلنے نہیں دیتے کبھی پیش نہیں ہوتے ۔ہم حکومت کو بالکل نہیں گرانا چاہتے ہم جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔