عدالت کا عابد باکسر کیخلاف نامکمل تفتیشی رپورٹ جمع کر انے پر اظہار برہمی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کیخلاف نامکمل تفتیشی رپورٹ جمع کروانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے عابد باکسر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 28 جنوری تک توسیع بھی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج جاوید اشرف کی عدالت میں سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کی درخواست ضمانت اور 4مختلف کیسز پر سماعت ہوئی۔ سابق انسپکٹر عابد باکسر بھی اپنے وکلا اور دوستوں کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس کی جانب سے عابد باکسر کی نامکمل تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی جس پر عدالت نے تفتیش مکمل نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی کیا اور سی سی پی او لاہور کو عابد باکسر کی تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو عدالت یکطرفہ فیصلہ کر دے گی۔ عابد باکسر کے خلاف قتل اور اغوا سمیت چار مقدمات درج ہیں۔ عابد باکسر نے ایڈووکیٹ آذر لطیف خان کی وساطت سے کیس دائر کر رکھا ہے۔ تفتیسشی افسر کے مطابق عابد باکسر پر جعل سازی، فراڈ کیس، اغوا، اسلحہ بردار افراد کے ساتھ متعدد افراد کو ہراساں کرنے جیسے الزامات عائد ہیں۔